ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل تعلقہ بھر میں تزک و احتشام کے ساتھ یوم ِ جمہوریہ کی تقریبات

بھٹکل تعلقہ بھر میں تزک و احتشام کے ساتھ یوم ِ جمہوریہ کی تقریبات

Sat, 26 Jan 2019 21:01:03    S.O. News Service

بھٹکل :26؍جنوری (ایس او نیوز) تعلقہ  بھر میں تعلقہ انتظامیہ سمیت مختلف محکمہ جات، اسکول، کالج ، اداروں کی طرف سے  70واں یومِ جمہوریہ بہت ہی تزک و احتشام کے ساتھ منایاگیا۔

نوائط کالونی میں واقع تعلقہ کھیل میدان (وائی ایم ایس اے )میں بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ساجد ملا نے پرچم کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کا دستور ہم تما م کی روح ہے، یہاں دستور کی حکمرانی ہے، ملک کے تحفظ کے لئے دستور بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔

صدارتی خطاب کرتےہوئے رکن اسمبلی سنیل نائک نے کہاکہ تاریخ تفریح نہیں ہے، ملک کے لئے کئی مجاہدین نے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں،  انہوں نے شہریان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ یوم جمہوریہ کو چھٹی کا دن نہ سمجھیں بلکہ ملک کے مستقبل اور ترقی کے متعلق غوروفکر کریں۔ تحصیلدار وی  این باڈکر نے استقبال کیا۔ بھٹکل بلدیہ صدر محمد صادق مٹا ، نائب صدر کے ایم اشفاق ، جالی پنچایت کے صدر آدم پنمبور ، تعلقہ پنچایت کارگزار آفیسر پربھاکر، سی پی آئی کے ایل گنیش وغیرہ موجود تھے۔ بھٹکل بلاک ایجوکیشن آفیسر ایم آر منجی نے شکریہ اداکیا۔ استاد، شاعر شری دھر شیٹھ نے پروگرام کی نظامت کی۔ قومی و ریاستی سطح پر انعام حاصل کرنے والے کھلاڑیوں ، ثقافتی مقابلہ جات میں جیت درج کرنے والے  طلبا اور اساتذہ کی  اس موقع پر تہنیت کی گئی ۔ اسکول اور کالج کے طلبا پریڈ اور مختلف ثقافتی پروگرام پیش کرتےہوئے عوام کو محظوظ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

مختلف جگہوں پر یوم ِ جمہوریہ کا جشن : شہر کے محکمہ تحصیل، تعلیم، پولس ، پنچایت ، بلدیہ سمیت تمام محکمہ جات ، انجمن کے تعلیمی اداروں ، نونہال، شمس ، علی پبلک، مادر حوا،جامعہ اسلامیہ ،سرکاری اسکولوں و کالج، گروسدھیندرااسکول اور کالج، دی نیو انگلش ہائی اسکول ،پی یو کالج ، سدھارتھ وغیرہ سمیت قومی سماجی ادارہ  مجلس اصلاح وتنظیم ، مختلف اسپورٹس سنٹروں اور تقریبا ً ہر گلی محلہ میں یوم جمہوریہ کے موقع پر پرچم کشائی کی گئی ۔ اور حاضرین کےدرمیان مٹھائیاں تقسیم کی گئیں


Share: